حکومت سرمایہ کاری کے حصول کیلئے سہولیات اور کاروبار میں آسانیاں دے رہی ہے‘ عمران خان
پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر چل رہا ہے ، آئی ایم ایف وفد،چینی سفیر کی ملاقاتیں ،عمران کا ولی عہد کو فون
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر چل رہا ہے ، علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز اپنائے جائیں گے ، حکومت سرمایہ کاری کے حصول کے لئے سہولیات اور کاروبار میں آسانیاں دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دی گئی سہولیات پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر یاؤ جنگ اور آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقاتیں کیں جبکہ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملے کی پرزور مذمت کی۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے خزانہ، منصوبہ بندی، تجارت ڈویڑنوں اور سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور مراعات پیش کرنے کیلئے علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز کی پیروی کریں۔وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی۔ یاؤ جنگ نے وزیراعظم کو ان کی آئندہ سالگرہ پر صدر شی جن پنگ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم کو پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مل کر کام کرنے کا اعادہ کرتے ہیں۔چینی صدر کے پیغام میں پاکستان اور چین کے درمیان روایتی دوستی کو چٹان کی طرح مضبوط قرار دیتے ہوئے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل قریبی پاک چین برادری کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لئے ڈائریکٹر جہاد ازعور نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملے کی مذمت کی۔وزیر اعظم آفس کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کل جمعرات کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز اپنائیں گے‘ وزیر اعظم
القمر

