English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنرل اسمبلی سے خطاب؛ وزیراعظم نے کشمیر میں مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا

 وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی 74 ویں جنرل اسمبلی سے خطاب کررہے تھے

وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، میں 4 اہم نکات پر بات کرنا چاہتا ہوں۔

موسمیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلوں سے متاثر 10 ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کے گلیشیئر پگھل رہے ہیں، پاکستان زرعی ملک ہے اور اگر ماحولیاتی تبدیلی کا کچھ نہیں کیا گیا تو ملک شدید خطرے سے دو چار ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے لیے بہت کچھ کر رہا ہے لیکن ہم اکیلے کامیاب نہیں ہو سکتے، اقوام متحدہ کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے، کوئی بھی ملک اکیلا اقدامات نہیں کرسکتا۔

کرپشن اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ غریب ملکوں کو اشرافیہ طبقہ لوٹ رہا ہے، ہر سال غریب ملکوں کے اربوں ڈالر ترقی یافتہ ملکوں میں جاتے ہیں، امیر افراد اربوں ڈالر غیر قانونی طریقے سے یورپ کے بینکوں میں منتقل کردیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا قرضہ 10 برسوں میں چار گنا بڑھ گیا جس کے نتیجے میں ٹیکس کی آدھی رقم قرضوں کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے، ہم نے مغربی دارالحکومتوں میں کرپشن سے لی گئی جائیدادوں کا پتا چلایا لیکن ہمیں مغربی ملکوں میں بھیجی گئی رقم واپس لینے میں مشکلات کاسامنا رہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امیر ممالک کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ذرائع سےآنے والی رقم کے ذرائع روکیں کیوں کہ غریب ملکوں سے لو ٹی گئی رقم غریبوں کی زندگیاں بدلنے پر خرچ ہوسکتی ہے، کرپٹ حکمرانوں کو لوٹی گئی رقم بیرون ممالک بینکوں میں رکھنے سے روکاجائے، امیر ممالک میں ایسے قانون ہیں جوکرمنلز کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب کے چوتھے نکتے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی 11 قراردادوں کی نفی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور اضافی نفری بھیجی، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو کرفیو لگاکر محصور کررکھا ہے۔

وزیراعظم وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں دنیا کو بھارت کا اصلی اور مکروہ چہرہ دکھائیں گے اور ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا پردہ بھی چاک کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان 20 ستمبر سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے مقبوضہ کشمیر  اور ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے کئی عالمی رہنماؤں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ 

عمران خان نے ایک درجن سے زائد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ترک صدر رجب طیب اردوان، ایرانی صدر حسن روحانی، مصر کے صدر السیسی، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم  جیسنڈا آرڈرن اور برطانوی وزیراعظم بورس جانس سمیت دیگر شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے