کراچی: شہر قائد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا ہے، میچ کا ٹاس ڈھائی بجے ہونا تھا جو شہر میں بارش کے باعث اب تک نہ ہوسکا اور میچ متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس کے سبب نیشنل اسٹیڈیم میں پانی جمع ہوگیا اور عملے کو آؤٹ فیلڈ خشک کرنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں اور اگر پانی خشک کر لیا گیا تو ایک روزہ میچ ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل ہوجائے گا۔
دوسری جانب میچ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔سیریز کے تینوں مقابلے کراچی میں بالترتیب جمعہ ، اتوار اور بدھ کو شیڈول ہیں۔
رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ گزشتہ روز دوپہر کو بھی ابررحمت کی وجہ سے قومی ٹیم کی پریکٹس کچھ دیر کیلیے روکنا پڑی تھی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں 10 برس بعد ون ڈے کرکٹ کی واپسی ہونے جارہی ہے، سری لنکن ٹیم اس بار بھی شہر قائد کے سونے میدان آباد کرنے میں پاکستان کی مدد میں پیش پیش ہے۔
2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے، تاہم اس کے بعد پی سی بی کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی بتدریج ممکن ہوئی۔
2018 میں کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل شاندار انداز میں منعقد کیاگیا ، جس میں کئی نامور اسٹارز نے شرکت کی تھی، جس کے ذریعے 9 برس بعد اس میدان میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی واپسی ممکن ہوئی۔
اب سری لنکا سے سیریز کے ذریعے یہاں پر 10 برس بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔

