
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دورہ امریکہ سے واپسی کے بعد زلزلے سے متاثر ہونے والے آزاد کشمیر کے شہر میر پور کے دورے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان پیر کے روز زلزلے سے متاثرہ میر پور کا دورہ کریں گے۔
خیال رہے کہ 24 ستمبر کو پنجاب کے ضلع جہلم کے قریب زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر کا ضلع میر پور سخت متاثر ہوا تھا۔ کمشنر میر پور ڈویژن کے مطابق زلزلے کے باعث اب تک 40 افراد جاں بحق ، 680 زخمی اور 172 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کے باعث 1654 مکان مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 7 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں۔ علاوہ ازیں 140 سکولوں کی عمارتیں، 200 گاڑیاں زلزلے کے باعث متاثر ہوئیں جبکہ 550 جانور ہلاک ہوئے۔
