English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

افغان امن مذاکرات کی معطلی: طالبان کا وفد آج پاکستان پہنچے گا

القمر

امریکہ اور طالبان کے درمیان افغان امن مذاکرات کی معطلی پر بات چیت کے لیے افغان طالبان کا وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

طالبان کے دوحہ آفس کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان کا ایک وفد بدھ کو پاکستان پہنچے گا جو پاکستانی قیادت سے ‘اہم معاملات’ پر بات چیت کرے گا۔

امریکہ سے مذاکرات کی منسوخی کے بعد طالبان کا یہ کسی چوتھے ملک کا دورہ ہے۔ اس سے قبل حالیہ چند روز کے دوران طالبان حکام نے روس، چین اور ایران کا بھی دورہ کیا تھا۔

سہیل شاہین کے مطابق یہ ایک سرکاری دورہ ہے جس کے دوران طالبان وفد پاکستان کی قیادت سے امریکہ سے ہونے والے امن مذاکرات کی منسوخی پر بات کرے گا۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق طالبان کے ذمہ دار شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ طالبان کا وفد پاکستان کی قیادت کو امریکہ کے ساتھ افغان امن مذاکرات کی معطلی کی وجوہات کے بارے میں بتائے گا۔

یاد رہے کہ افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور طالبان کے درمیان تقریباً ایک سال سے امن مذاکرات ہورہے تھے۔

گزشتہ ماہ فریقین نے کہا تھا کہ وہ امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ تاہم امریکی سکیورٹی حکام اور افغان حکومت نے ممکنہ امن معاہدے پر بعض خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل میں ایک بم دھماکے میں امریکی فوجی سمیت 11 افراد کی ہلاکت کے بعد امن مذاکرات سے متعلق کہا تھا کہ یہ اب ‘مردہ’ ہوچکے ہیں۔

طالبان حکام کا کہنا ہے کہ افغان وفد پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے اس بیان پر بھی بات کرے گا جس میں عمران خان نے کہا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران اُن پر زور دیں گے کہ وہ امن مذاکرات کا دوبارہ حصہ بنیں۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ افغان طالبان کا وفد اسلام آباد میں عمران خان سے ملاقات کرے گا یا نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے