ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بابر اعظم کی سنچری ، مین آف دی میچ عثمان شنواری کی 5 وکٹیں
قومی ٹیم نے 305 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں آئی لینڈ 238 رنز پر ہمت ہار گئے، ابتدائی 5 وکٹیں 28 رنز جبکہ اختتامی 5 وکٹیں 33 کے دوران گریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں 10 سال بعد عالمی کرکٹ کا آغاز ہو گیا، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم نے ہوم گرائونڈ پر اپنے حریف کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کی سنچری اور عثمان خان شنواری کی شاندار بائولنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 67 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنے ہوم گرائونڈ پر 10 سال بعد ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 73 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ تیزی سے رنز اسکور نہ کر سکے۔ امام الحق 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان بھی مزاحمت کرتے نظر آئے اور ٹیم کی سنچری اور اپنی نصف سنچری کی تکمیل کے بعد ہسارنگا ڈی سلوا کی دوسری وکٹ بن گئے، انہوں نے 65 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔ حارث اور بابر نے تیسری وکٹ کے لیے 111 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں حارث کی 40 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ دوسرے اینڈ سے بابر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لاہیرو کمارا کو چوکا لگا کر ون ڈے کرکٹ میں اپنی 11 ویں سنچری مکمل کی۔ کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے جبکہ بابراعظم 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم بھی صرف 12 رنز بناسکے لیکن اننگز کے آخری اوور میں افتخار احمد کے دو چھکوں کی بدولت قومی ٹیم 300 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305رنز بنائے۔ اس کے بعد پاکستان کو سری لنکن اننگز کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 238 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان خان شینواری نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں جبکہ شاداب خان دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ پاکستان نے میچ میں 67 رنز سے کامیابی سمیٹتے ہوئے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

