English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سول اسپتال میں لاکھوں کے انجکشن چوری شراب کی 20 بوتلیں برآمد

عید گاہ تھانے کے چوکی انچارج کا سول اسپتال میںچھاپا ا‘لاکھوں روپے مالیت کے 500 انجکشن برآمد
سیکورٹی انچارج کریم خان، فرخ شاہ، خرم اور نوید کو ادویات چوری کرتے ہوئے پکڑا‘ تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سول اسپتال میں لاکھوں روپے مالیت کے انجکشنوں کی چوری اورشراب کی 20 بوتلوں کی برآمدگی پر سول اسپتال کے ایم ایس نے تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق26 ستمبر کو عید گاہ تھانے کے چوکی انچارج نے سول اسپتال کے شعبے نیورولوجی کے نرسنگ وارڈ میں مبینہ طورچھاپا مارا اور سیکورٹی انچارج کریم خان، فرخ شاہ، خرم اور نوید کو ادویات چوری کرتے ہوئے پکڑا۔چھاپے کے دوران مختلف اقسام کے لاکھوں روپے مالیت کے 500 انجیکشنز برآمد ہوئے، اس کے علاوہ گرفتار ملزمان سے شراب کی 20 بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے فوری بعد موقع پر موجود سول اسپتال کے انتظامی افسران نے معاملے کو موقع پر ختم کروادیااور چھاپا مارنے والے پولیس اہلکار بھاری نذرانہ وصول کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہوگئے،جب کہ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے سول اسپتال کے چورملازمین کو نہ تو تھانے لے جایا گیااور نہ ہی کسی قسم کی کاغذی کارروائی کی گئی، تاہم 4روز بعد واقعہ سامنے آنے پر میڈیکل سپرٹینڈ (ایم ایس) سول اسپتال نے نیورولوجی کے آر ایم او پر اظہار برہمی کرتے ہوئے خط لکھا، جس میں انجکشنوں کی چوری اور شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہ کروانے سے متعلق پوچھا گیا۔خط میں ایم ایس نے ڈاکٹر نجم سے پوچھا کہ انتظامیہ کو کیوں اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے