کھانے پینے کی اشیاء کو اخبار اور پرنٹنٹ کاغذ میں پیک کرکے دینے ٗ حلال سرٹیفکیٹ کے بغیر جانور کے اجزاء رکھنے والی اشیاء پر بھی پابندی ہوگی
سندھ بھر میں 18دسمبر کے بعد کھلی چائے فروخت نہیں کی جاسکے گی ٗ سندھ فوڈ اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی نے سندھ میں کھلی چائے کی پتی اور غیر معیاری کیچپ پر پابندی عائد کردی ہے، اس ضمن میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کی کاپیاں کراچی چیمبر آف کامرس، پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن سمیت اشیائے خورونوش کی دیگر تمام نمائندہ انجمنوں کو بھی جاری کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کو اخبار اور پرنٹڈ کاغذ میں پیک کرکے دینے پر بھی پابندی عائد ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیصلے اتھارٹی کے سائنٹیفک پینل اجلاس میں کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حلال سرٹیفکیٹ کے بغیر جانور کے اجزا رکھنے والی اشیا پر بھی پابندی ہوگی، مونو سوڈیم گلونا میٹ ایم ایس جی اور ایم ایس جی شامل اشیا پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور جن اشیا پر حلال ہونے کی مہر ثبت نہیں ہوگی ان پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، سندھ فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں کھلی چائے کی پتی کا کاروبار کرنے والوں کو 3 ماہ کی مہلت دی ہے جس کے نتیجے میں سندھ بھر میں 18 دسمبر 2019ء کے بعد کھلی چائے فروخت نہیں کی جاسکے گی۔

