English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کو مزید وقت دینا ملک کے مفاد میں نہیں، آصف زرداری

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ان سے اہم امور پر مشاورت کی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور احتساب عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سے آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر ، شیری رحمان ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر بلاول نے اپنے والد کی خیریت دریافت کی اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آصف زرداری کو آگاہ کیا، ملاقات کے دوران اہم امور پر مشاورت بھی ہوئی۔

احتساب عدالت سے واپسی کے موقع پر صحافی نے سوال کیا مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کردیا ہے،اس پر آپ کا کیا کہنا ہے، آصف علی زرداری نے جواب دیا، انشااللہ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں، مولانا میرے دوست ہیں لیکن سیاست چیئرمین بلاول نے کرنی ہے، مولانا کی اپنی جماعت اور سیاست ہے البتہ ہماری دوستی رہے گی۔ آصف زرداری نے کہا کہ کارباری طبقہ آرمی چیف سے ملاقات میں رو رہا ہے اور وزیراعظم کی شکایات ان سے لگا رہے ہیں جنھوں نے وزیراعظم بنایا جب کہ حکومت کو مزید وقت دینا ملک کے مفاد میں نہیں، تمام جمہوری پارٹیوں کو اب مل کر عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ اسٹیبلمشنٹ کے ساتھ ڈیل پر آصف زرداری نے برجستہ جواب دیا کہ ’’معافی وہ مانگیں‘‘، مگر پھر رک گئے۔

صحافی نے سوال کیا کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی پر کوئ پشیمانی محسوس ہو رہی ہے، جس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ شاہد خاقان عباسی چئیرمین نیب کی تقرری پر معافی مانگ چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے