English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر: حریت رہنماشبیر احمد شاہ کی اہلیہ کا دوسرا گھر بھی ضبط


سرینگر ،5اکتوبر(ساؤتھ ایشین وائر):بھارتی تحقیقاتی ادارے ” انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ” نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بندرہنما اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد کی اہلیہ کے گھر کو ضبط کر لیا ہے اور گھر میں مقیم انکی اہلیہ اور بیٹیوں کو گھرخالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شبیر احمد شاہ کی اہلیہ بلقیس شاہ اور انکی دو بیٹیوںسما شبیر اور سحر شبیر کے نام ستمبر کے آخری ہفتے میں نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ سرینگر کے علاقے رینہ واری میں قائم اپنے گھر کو دس روز کے اندر اندر خالی کر کے اسکا قبضہ ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کریں۔اس سے قبل بھی جولائی 2019میں ای ڈی نے شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ اور ان کی دو بیٹیوں کے نام گھر کی ضبطگی کا نوٹس جاری کیاتھا۔ ڈاکٹر بلقیس شاہ اور ان کی دو بیٹیاں سری نگر میں مقیم تھیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شبیر احمد شاہ کو جولائی 2017میں جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر لیا تھا اور وہ اس وقت نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔
فریڈم پارٹی کے ترجمان نے اسے ڈرانے اور دھمکانے کی بزدلانہ کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو خاموش کرانے اور سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کے لیے مسلسل اپنے اداروں کو استعمال کررہا ہے۔
اس سے قبل مارچ 2019میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کی سرینگر کے علاقے آفندی باغ میں موجود جائیداد ضبط کر لی تھی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بتایا تھا کہ یہ جائیداد شبیر احمد شاہ کی اہلیہ اور بیٹیوں کے نام پر ہے جو حریت رہنما کی آزادی پسند سرگرمیوں کے باعث ضبط کی گئی ہے ۔شبیر شاہ کی اہلیہ اور بیٹیوں کو انکی بہنوں نے 2005 میں یہ جائیداد بطور تحفہ دی تھی۔
اس وقت فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاتھاکہ جب شبیراحمد شاہ کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا تو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بوکھلاہٹ میں اب ان کے اہل خانہ ، حتی کہ کمسن بچیوں کے نام نوٹس جاری کردیے ۔
انہوں نے کہاکہ شبیر احمد شاہ سمیت حریت رہنمائوں اورکارکنوں کے ساتھ بھارت کے غیر انسانی سلوک سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ بھارت کو کشمیری عوام میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ وہ صرف یہاں کی زمین میں دلچسپی رکھتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے