وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ماحولیاتی آلودگی سے پاک الیکٹرک بسیں چلانے کی عالمی ٹرانسپورٹ کمپنی ایورگرین گلوبل وینچرز (EGV) کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ اس اقدام میں ہر ممکن تعاون کرے گی اور کراچی کی عوام کو بہترین سفری سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں انٹریشنل ٹرانسپورٹ کمپنی ایورگرین گلوبل وینچرز (ای جی وی) کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کہی، جس میں کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں انمیری کاربیری، جیسن رائیٹ، اشاک تاؤفین، الیان گاٹسمین جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے وزیر بلدیات ناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری بلدیات و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سرمایہ کار کمپنی ای جی وی نے شہر میں مختلف بی آر ٹی روٹس پر 1000 الیکٹرک بسیں سندھ حکومت کے ساتھ پی پی پی موڈ پر چلانے کی تجویز پیش کی۔
الیکٹرک بسیں 10، 12 اور 18 میٹر لمبی ہونگی جو بس اسٹیشنز پر چارج کی جائیں گی۔ عالمی ٹرانسپورٹ کمپنی ای جی وی 100 میگاواٹ پاور پلانٹ لگائے گی اور بسوں کو سولر انرجی کی مدد سے آپریٹ کیا جائے گا۔
کمپنی نے اجلاس میں بتایا کہ الیکٹرک بسیں چلنے سے 50 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی۔
ممکنہ معاہدے کے مطابق ای جی وی 30 سال سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے سمیت ٹیکنالوجی سندھ حکومت کو منتقل کرنے کی پابند ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر 1.5 بلین ڈالر سرمایہ کاری ہوگی اور روزانہ 4 لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے یلو لائن منصوبہ شروع کیا ہے جو تقریباً مکمل ہونے کو ہے جبکہ اورنج لائن ایک منسلک منصوبہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریڈ لائن بائے ایشین بینک کی مدد سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عبدالستار ایدھی لائن منصوبے کی تعمیر تقریباً آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے ای جی وی کمپنی کو منصوبے کا دورہ کرنے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کرنے کا کہتے ہوئے بتایا کہ اگر انفرااسٹرکچر الیکٹرک بسز کو چلانے کے لئے کافی بہتر ہے تو میں آپ کو اس منصوبے کی دعوت دیتا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ عالمی کمپنی کو الیکٹرک بسز کی چارجنگ کے لئے 100 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ لگانے کے لیے الگ الگ زمین دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ای جی وی ماہرین ہمارے شراکت دار عالمی بینک اور ایشین بینک سے الگ الگ ملاقاتیں کریں تو ہم مل کر کام کرسکتے ہیں تاکہ اتفاق رائے سے بی آر ٹی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی ترقی کی جاسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ انویسٹمنٹ اور محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی سندھ کے چیئرپرسن کو ہدایت کی کہ وہ ای جی وی کمپنی سے ملاقات کرکے سفارشات پر عمل درآمد کریں اور آئندہ 15 روز میں انہیں رپورٹ پیش کریں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ڈونر اداروں سے ملاقات میں الیکٹرک بسز کے روٹ پر ضروریات کا خیال رکھا جائے۔

