صنعتی پہیہ بلا رکاوٹ جاری رکھنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کریں گے، سعید غنی
محکمہ لیبر، ای او بی آئی اور سیسی کو ضم کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں، سید ناصر حسین شاہ
کراچی (کامرس رپورٹر) وزیراطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہے اور صنعتی پہیہ بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر صنعتکار برادری کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی بھی یہ ہدایت ہیں کہ صنعتوں کو فروغ دیا جائے اور پیداواری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سالانہ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر انجینئر دارو خان، نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان، سبکدوش صدر سید طارق رشید و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل کی ہر گھڑی میں سندھ حکومت تاجر و صنعتکار برادری کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت محکمہ لیبر، ای او بی آئی اور سیسی کو ضم کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے جس پر حتمی فیصلے کے بعد ان تمام محکموں کو یکجا کرکے لیبر کو ایک کارڈ جاری کیا جائے گا اور پھر محنت کشوں کو بھی طبی و دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

