English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صدر ٹرمپ کی ترکی کی معیشت کو تباہ کرنے کی دھمکی

القمر

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو اتحادی ملک ترکی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے شام پر حملوں میں شدت پیدا کی تو وہ ترکی کی معیشت کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اتوار کو شام سے امریکی فوجوں کے انخلا کا اعلان کرتے ہوئے ترکی کو فوجی کارروائیاں کرنے کا موقع فراہم کیا تھا۔

امریکہ میں ڈیمو کریٹک پارٹی اور ریپبلکن پارٹی دونوں نے صدر ٹرمپ کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی فوجوں کے انخلا کے نتیجے میں امریکہ کرد فوجوں کو تنہا چھوڑ دے گا اور وہ ترک فوج کے براہ راست زد میں آ سکتی ہیں جو اُنہیں دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

اس تنقید کے بعد صدر ٹرمپ نے ترکی کو معیشت تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

صدر ٹرمپ کا ایک ٹوئٹ میں کہنا تھا، ’’جیسا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں، اس بات کو دہراتا ہوں کہ اگر ترکی کوئی ایسا اقدام کرتا ہے جو میرے نزدیک ناجائز تصور کیا جاتا ہے تو میں ترکی کی معیشت کو مکمل طور پر تباہ کر دوں گا۔‘‘

صدر ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد ترکی کی کرنسی لیرا ڈالر کے مقابلے میں شدید گراوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

امریکہ نے پیر سے شام کے شمالی علاقوں سے اپنی فوجوں کو واپس بلانا شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ کرد فوجیں شام میں جاری لڑائی میں امریکہ کی مضبوط اتحادی رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو کرد فوجوں نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انخلا پیٹھ پیچھے چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے