English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کے سیاسی عزم سے کراچی میں امن قائم ہوا، وزیر اعلیٰ

صوفیوں کی دھرتی کو نظر لگ گئی تھی، سیکورٹی اداروں کا شکر گزار ہوں،مراد علی شاہ
میجر جنرل آصف علی کی زیرسربراہی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 96 رکنی وفد کی ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے 96 رکنی وفد نے قائم مقام نائب صدر این یو ڈی میجر جنرل آصف علی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں 3 سینیٹرز، 14 ایم این ایز، 16 ایم پی ایز، 4 بیورو کریٹ، 3 آرمی افسران، 48 سول سوسائٹی کے افراد اور 9 فیکلٹی کے اسٹاف ممبران شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیئرپرسن منصوبہ بندی و ترقی ناہید شاہ، آئی جی پولیس ڈاکٹر کلیم امام، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور سیکریٹری داخلہ موجود تھے۔ ملاقات میں پریزنٹیشن، سوال و جواب اور بحث و مباحثہ شامل تھا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوفیوں کی دھرتی سندھ کو نظر لگ گئی تھی، امن و امان اتنا خراب ہوگیا تھا کہ علاقے نوگو ایریاز بنا دئیے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پاک افواج، رینجرز، سندھ پولیس، انٹیلی جنس اداروں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے انتھک محنت سے امن و امان بحال کیا۔ دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ بڑے جرائم تھے اور کاروباری لوگ پریشان تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت کے سیاسی عزم سے کراچی میں امن و امان قائم، کاروبار کو فروغ حاصل ہوا اور ثقافتی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو کہا کہ آپ لوگ تھر کا دورہ کریں اور سندھ حکومت کی جانب سے ترقیاتی و انقلابی کاموں کو دیکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے