بلاول بھٹو 18اکتوبر کو کراچی کے جلسے سے تحریک کا آغاز کرینگے ٗ 26اکتوبر کو کشمور میں جلسہ کیا جائیگا
پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی ٗ قمر زمان ٗ نیئر بخاری اور مولا بخش کی پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف مورچہ لگا لیا، کراچی سے کشمور تک احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ کور کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں بلاول بھٹو نے عوامی رابطہ مہم کا پروگرام دیا ہے، 18 اکتوبر کو کراچی جلسے سے عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے، وہ 23 اکتوبر کو تھرپارکر اور 26 اکتوبر کو کشمور میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے آزادی مارچ میں شرکت کرے گی 2018ء کے انتخابات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پہلی تقریر میں عمران خان کو سلیکٹڈ وزیراعظم قرار دیا تھا موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو غیر موثر کر دیا ہے، قانون سازی نہیں ہو رہی جہاں جہاں مولانا فضل الرحمن کہیں گے ہم وہاں وہاں جائیں گے۔ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نیر بخاری، مولابخش چانڈیو اور قمرزمان کائرہ نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ کانفرنس کی جس سے جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نیر حسین بخاری نے کہاکہ کور کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں بلاول بھٹو نے عوامی رابطہ مہم کا پروگرام دیا ہے، جہاں جہاں مولانا فضل الرحمن کہیں گے ہم وہاں وہاں جائیں گے۔ آزادی مارچ کے لیے تاریخ کا اعلان مولانا نے اپنے طور پرکیا ہے اس میں اس میں پیپلز پارٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

