پولیس والے بھی کرائم کر رہے ہیں‘ محکمہ میں موجود کالی بھیٹریں نکالی جائیں‘قائد حزب اختلاف
آصف ہارون کے قاتل کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق رکھتے ہیں‘پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات میں اضافے کے ذمے دار وزیر اعلیٰ سندھ ہیں۔ عوام کو امن و سکون دیے بغیر یہ شہر ترقی نہیں کرے گا۔ اگر کراچی سیف سٹی پروجیکٹ ہے تو اس پر عمل درآمد کیا جائے۔ آصف ہارون کے قاتل کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی اسلم خان، اکرم چیمہ، عطاء اللہ خان ، رکن سندھ اسمبلی عمر عماری اور مقتول آصف ہارون کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ آصف نے عوام کی خدمت کے لیے زندگی کو وقف کیا۔ وہ ہمارے پرانے ساتھیوں میں سے تھے، ان کے اہل خانہ شدید غم میں مبتلا ہیں۔آصف کے قتل کی تفتیش پر ہمیں تشویش ہے۔3 دن پہلے سی پی ایل سی نے کرائم فیگرز جاری کیے جس میں ٹارگٹ کلنگ کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ اسٹریٹ کرائمز کے واقعات میں اضافے کے ذمے دار مراد علی شاہ ہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ شہر کی امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہے۔ پولیس والے بھی کرائم کر رہے ہیں۔ محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑیںنکالی جائیں اور پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے۔حکومت سندھ قتل و غارت گری ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کبھی آئی جی اور کبھی سی سی پی او کو تبدیل کر دیا جاتا ہے جس سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھاپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آصف کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

