لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے جلسے کو ضمنی انتخابات کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دے کر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ،ریجنل الیکشن کمشنر رانا عبدالغفار نے بلاول بھٹو سمیت صوبائی وزرا، مشیروں، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کئے اور ایک روز کے اندر جواب داخل کرانے کی ہدایت کی، واضح رہے کہ بلاول نے گزشتہ روز لاڑکانہ میں جلسہ کیا تھا ،17 اکتوبر کو سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ میں ضمنی الیکشن ہونے ہیں ،خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس کے رکن معظم علی خان کو نااہل قرار دے دیا تھا ،الیکشن کمیشن کے نوٹس کے مطابق صوبائی اور وفاقی وزرا کا دورہ، الیکشن قواعد و ضوابط کے پیرا 17 کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت انتخابی حلقے میں وزرا کے دورے ، اعلانات یا ترقیاتی اسکیموں کے افتتاح کی اجازت نہیں۔

