تفتیشی افسران اور پراسیکیوشن میں رابطے کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے
مضبوط پراسیکیوشن سے ہی ملزمان کو سزائیں دلوائی جاسکتی ہیں، صوبائی وزیر
کراچی (کرائم رپورٹر ) صوبائی وزیر سندھ برائے اینٹی کرپشن ، آب پاشی اور زکوۃ و عشر سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ کیس خراب کرنے والے انویسٹی گیشن افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن افسران اور پروسیکیوشن میں رابطے کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے۔مضبوط پراسیکیوشن سے ہی ملزمان کو سزائیں دلوائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے مقدمات کی تحقیقات کے ضمن میں جدید ٹیکنالوجی اور فارنزک کے استعمال کو بڑھایا جائے۔صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے کہا کہ پرو سیکیوشن سے وائٹ کالر کرائم کی شرح میں کافی حد تک کمی لائی جاسکتی ہے، وزیربرائے اینٹی کرپشن، آبپاشی زکوۃ و عشر نے مزید کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو غلط درخواست اور جعلی ثبوت دینے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

