جانثاران بینظیر نے اپنی قائد کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے 165 سے زائد نے اپنی جانیں قربان کیں
ہم ان شہداء کی قربانی کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے‘ سعید غنی کا اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراطلاعات و محنت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے 18 اکتوبر کو مزار قائد پر وی آئی پی گیٹ کے پاس ہونے والا جلسہ تاریخی ہوگا اور اس جلسہ سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے اس کے لیے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پیپلز سیکریٹریٹ میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 18 اکتوبر 2007ء کا دن کسی سانحہ سے کم نہیں تھا، 165 سے زائد جانثاران بے نظیر نے اپنی قائد کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ دیا جبکہ 500 سے زائد جیالے اس سانحہ میں زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان شہدا کی قربانی کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

