کراچی میں6 اکتوبرکو قومی گیمز کی ٹارچ ریلی روشن کر نے کی تقریب ہو گی۔ بانی پاکستان کے مزار پر منعقدہ تقریب میں وزیر اعلی سندھ ٹارچ روشن کریں گے۔ اس سے قبل کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں ٹارچ ریلی کے انتظامات کا جا ئزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت دیگر نے شر کت کی اجلاس میں انجینئر محفوظ الحق، احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ ، ارم بخاری خالد رحمانی اور غلام محمد خاں بھی مو جو د تھے۔
ذرائع کے مطابق قومی گیمز کی ٹارچ ریلی کی افتتاحی تقریب بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر منعقد ہوگی ۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے وہ ٹارچ روشن کر کے ریلی کا افتتاح کریں گے اور اولمپیئن اصلاح الدین اور اسکوائش لیجنڈ جہانگیر خان کے حوالے کریں گے۔
تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹننٹ جنر ل ریٹارئر ڈ عارف حسن سیکریٹری خالد محمود سیکریرٹری محکمہ کھیل حکومت سندھ امتیاز علی شاہ بھی موجو د ہوں گے ۔ افتتاحی تقریب کے بعد محکمہ اسپورٹس کے افسران دیگر عملہ اولمپیئز، دیگر کھلاڑی کھیل کی ممتاز شخصیات اور کھیلوں سے متعلق مختلف ایسوسی ایشنز کے ارکان مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے نشان پاکستان سی ویو پر پہنچیں گے جہاں کراچی میں ریلی کی اختتامی تقریب ہوگی جس میں بلوچستان کی کھیلوں کی شخصیات، بلوچستان محکمہ کھیل کے افسران بھی موجو د ہوں گے ۔ اس موقع پر ٹارچ ریلی بلوچستا ن روانہ کردی جائے گی۔ اس طرح مختلف صوبوں سے ہوتی ہوئی 26 اکتوبر کوٹارچ قومی کھیل کے مرکز پشاور پہنچے گی۔
ڈی جی اسپورٹس کا کہنا ہے اس بار ٹارچ ریلی مختلف روٹس پر سفر کرتے ہوئے پاکستان کی روشن ثقافت اور سیاحت کو دنیا میں روشناس کرائے گی اور پاکستان کا پرامن چہرہ لوگوں کے سامنے لائے گی ۔
