صبح سویرے شہداء کی قبروں پر قرآن خوانی ٗ آج شام مزار قائد سے متصل گرائونڈ میں جلسہ ہوگا جس سے بلاول بھٹو رزرداری خطاب کرینگے ٗ تیاریاں مکمل کرلی گئیں
کراچی میں آج ہونیوالا جلسہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا ٗ سعید غنی کی راشد ربانی ٗ وقار مہدی ٗ شہلا رضا ٗ جاوید ناگوری اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی عظیم رہنما اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی طویل عرصے کی جلاوطنی کے بعد بارہ سال پہلے وطن واپسی کے موقع پر ان کی ریلی میں دہشت گردی ہوئے آج بارہ سال پورے ہوگئے ہیں، سانحہ کارساز کی برسی آج منائی جارہی ہے، پیپلز پارٹی کے تحت شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ رات گئے پیپلز چورنگی اور کارساز پر قائم یادگار شہدا پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے شہیدوں کی یاد میں دیے جلائے، آج تمام شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی، یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے جبکہ صبح سویرے سے ہی قرآن خوانی کی جارہی ہے۔ مزار قائد سے متصل گرائونڈ میں جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، وزیر اطلاعات و محنت سندھ اور پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے جلسہ گاہ سے متصل استقبالیہ کیمپ میں پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر راشد ربانی، جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری اور صوبائی وزیر شہلا رضا اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا اور یہ مہم تھرپارکر، کشمور سے ہوتی ہوئی ساوتھ پنجاب جائے گی۔ جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 18 اکتوبر کو تمام شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے اور یادگار شہدا پر پھولوں کا نذرانہ پیش کریں گے، جلسے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، 60 فٹ چوڑا اور 32 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ جلسہ کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور اس کے لیے ٹریفک پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے البتہ عوام کو کچھ مقامات پر مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے جس کے لیے ہم پیشگی معذرت خواہ ہیں۔

