یہ مہم تھرپارکر،کشمور سے ہوتی ہوئی ساؤتھ پنجاب تک جائے گی‘وزیر اطلاعات
پیپلز پارٹی کے امیدوار اور چیف پولنگ ایجنٹس کو روکنا دہرے معیار کی نشانی ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و محنت سندھ اورپاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے(آج) جمعہ کوہونے والا جلسہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغازہوگا اور یہ مہم تھرپارکر،کشمور سے ہوتی ہوئی ساؤتھ پنجاب تک جائے گی، جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جلسے سے چیئرمین بلاول زرداری خصوصی خطاب کریں گے، لاڑکانہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور چیف پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن میں جانے سے روکنا دہرے معیار کی نشانی ہے، الیکشن کمیشن نے ہمارے متعدد ایم این ایز اور ایم پی ایز کو لاڑکانہ سے نکلنے کا کہا ہے،جو کہ خود الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی ہے،18 اکتوبر اور 27 دسمبر کے سانحے کو ہم ایک ہی کڑی تصور کرتے ہیں،دونوں سانحات کا پلان کرنے والا گروہ، سوچ اور تنظیم ایک ہی ہے اور عدلیہ نے اس مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو رہا کردیا ہے جبکہ اس کے مرکزی ملزم سابق صدر مملکت و جنرل(ر) پرویز مشرف کو عدلیہ میں لانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے،آصف علی زرداری کی صحت تشویش ناک ہے اور انہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مزار قائد سے متصل وی آئی پی گیٹ کے پاس منعقد ہونے والے جلسہ گاہ میں لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

