آئی جی عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت اہم اجلاس، جمعیت علماء اسلام ف کے دھرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کو اسلام آباد سے باہر ہی روکا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان کے زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سیکورٹی، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈائریکٹر سیف سٹی، آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او نوشہرہ، ڈی پی او اٹک اور موٹر وے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ پولیس حکام نے آزادی مارچ اور دھرنے کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے مارچ کے شرکا کو اسلام آباد سے باہر ہی روکا جائے گا، شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں سیکورٹی کے بھی مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔

