٭ کپتانی کا تاج چھن گیا ٭
کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے پر مداح چراغ پا ہوگئے
ٹیم کی ناقص کارکردگی کا نزلہ سرفراز پر گرایا گیا
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) سرفراز احمد سے قومی ٹیم کی قیادت کا تاج چھن گیا‘ بیٹنگ میں خراب فارم کے ساتھ ٹیم کی ناکامی انہیں لے ڈوبی‘ دورہ آسٹریلیا کیلئے اسکواڈ میں بھی جگہ نہیں ملے گی‘ اظہر علی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2019-20 اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2020 تک کپتان ہوں گے‘ ادھر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ قیادت اعزاز کی بات تھی‘ نئے کپتانوں کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتا ہوں‘ سرفراز احمد کی قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے برطرفی سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گئی،تینوں طرز کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے پرمداح چراغ پا ہوگئے، پی سی بی کے فیصلے کوجلد بازی قراردے دیا۔سرفرازاحمد کے پرستاروں نے شکوہ کیا ہے کہ ان کے سابقہ ریکارڈز نظر انداز کردئیے گئے جبکہ ے کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کا نزلہ سرفراز احمد پر گرایا، اس کے ساتھ ہی چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی تنقید کی زد میں آگئے۔مزید براں سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے پی سی بی کے اس فیصلہ کو احمقانہ قرار دے دیا، دوسری جانب کے سی سی اے کے صدر اور پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈیٹر کے روح رواں ندیم عمر نے کہا ہے کہ ایک سیریز کی شکست پر سرفراز احمد کو قومی قیادت سے ہٹا دینا درست عمل نہیں،یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

