English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزيراعظم کا استعفیٰ ناممکن ہے، پرویز خٹک

حکومت کی جانب سے ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کی سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے ساتھ نہیں بیٹھتے اس کا مطلب ہے کہ ان کے دل میں چور ہے اور ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

تفصیلات کے مطابق پرویز خٹک نے کہا کہ اگر اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان ہے تو بات کرنا پڑے گی، وزيراعظم کا استعفیٰ ناممکن سی بات ہے، اس کا مطلب ہے کہ یہ چڑھائی کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ افرا تفری ہوئی تو ذمہ د اری اپوزیشن والوں پر ہوگی، فضل الرحمان ریاست کے ستونوں پر حملے نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ن لیگ، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت ہر جماعت کے سینیئر لیڈر سے رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ مذاکراتی کمیٹی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے جو کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ مذاکراتی کمیٹی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، اسد عمر ، وفاقی وزیر شفقت محمود اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سمیت مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الٰہی بھی شامل ہیں۔

حکومتی کمیٹی مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن سے آزادی مارچ اور دھرنے کے حوالے سے مذاکرات کرے گی جب کہ مولانا فضل الرحمان کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ اگر کسی نے مذکرات کیلئے آنا ہے تو وزیراعظم کا استعفیٰ ساتھ لے کر آئے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گذشتہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 27 اکتوبر سے مارچ شروع کرنے اور 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینا کا اعلان کررکھا ہے۔

ملک کی اہم اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی بھی جے یو آئی کے مارچ کی حمایت کررہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے