English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت کیخلاف اب ایکشن ہوگا‘ شاہ محمود قریشی

بھارتی آرمی چیف کا بولا گیاجھوٹ عالمی میڈیا نے بے نقاب کر دیا، وزیر خارجہ
اپوزیشن جماعتیں قومی مفاد کو مدنظر رکھ کرآزادی مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کریں‘ گفتگو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف ری ایکشن کی بجائے اب ایکشن ہوگا، بھارتی آرمی چیف نے پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپ کو تباہ کرنے کا جھوٹ بولا جو عالمی میڈیا نے بھی بے نقاب کر دیا، اپنے دفاع کیلئے پاکستان کوئی بھی قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں قومی مفاد کو مدنظر رکھ کرآزادی مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے اندرونی معاملات کو ہوا دے رہا ہے تاکہ ہم اندرونی معاملات میں الجھ جائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ کشمیری، پاکستانی اور ہیومن رائٹس کے اراکین 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے جا رہے ہیں اس لئے وہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشرقی اور مغری سرحدوں پر چیلنجز کا سامنا ہے لہذا ملک اس وقت احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جمہوری حکومت میں ہر شخص کو پر امن احتجاج کا آئینی حق ہوتا ہے، مارچ سے بھارت کے بیانیے کو تقویت ملے گی اور پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔آزادی مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کرنے پر میں اپوزیشن جماعتوں کا شکر گزار ہوں کیونکہ اب وہ بھی 27 اکتوبر کو یوم سیاہ میں شامل ہوں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کریں کیونکہ آپس کی لڑائی میں بھارت کو فائدہ اور ہمارے اتحاد و یک جہتی سے بھارت کو نقصان پہنچے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے