English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ کابینہ نے کوٹا مقرر کردیا خواجہ سرا سرکاری نوکریوں کیلئے کاغذات تیار رکھیں، مراد علی شاہ

ٹرانس جینڈرز کو کارآمد شہری بنانا چاہتا ہوں، تعلیم پر توجہ دیں، آئس نوجوانوں کو تباہ کررہی ہے، سخت کارروائی کی جائے، وزیر اعلیٰ
آٹے کی 100 کلو گرام قیمت 3450 مقرر، ریڈ لائن بائیو گیس پر چلے گی، پی ایم ڈی سی کا خاتمہ قابل مذمت، مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نے خواجہ سراؤں کے لئے تمام سرکاری اداروں میں 0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹا مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ خواجہ سرا سرکاری نوکریوں کی درخواست دینے کے لئے کاغذات تیار رکھیں۔ میں ٹرانس جینڈرز کمیونٹی کو مین اسٹریم میں لا کر کارآمد شہری بنانا چاہتا ہوں، انہیں اپنی تعلیم پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس مرادعلی شاہ کی صدارت میں سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، سندھ کابینہ نے ٹرانس جینڈرز کے لیے تمام سرکاری اداروں میں 0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹا مقرر کرنے کی منظوری د ے دی ہے۔ کابینہ نے منشیات، ایرانی تیل، گٹکا مافیا اور ان کے سرپرست پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی کے احکامات دیئے ہیں۔ آئی جی سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ ٹارگٹ کلنگ2013 کے مقابلے میں97 فیصد کم ہوئی۔ 2018 میں 0.74 پوائنٹس آئس ریکور کی جس پر وزیراعلیٰ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں آئس بڑی مقدار میں آئی ہے ، جو ہماری نسلوں کو تباہ کر رہی ہے۔ منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس کیلئے چھوٹے ہتھیار وں کی خریداری اور سندھ انجرڈ پرسنس کمپلسری میڈیکل ٹریٹمنٹ (امل عمر) ایکٹ 2019 کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے انرجی پالیسی کی بھی منظوری دے دی ، کابینہ نے گندم کی قیمت 3450 فی 100 کلوگرام بیگ مقرر کر د یا۔ پاسکو سے ایک لاکھ ٹن گندم خریدنے کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ میں بی آر ٹی منصوبوں پر بات ہوئی۔ اجلاس میں بی آر ٹی کے کرایوں کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریڈ لائن بائیوگیس پر چلائی جائے گی تاکہ مالی بوجھ کم پڑے۔ کابینہ نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ایکٹ 2019 منظور کر لیا۔ ادھر کابینہ اجلاس کے بعد ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ختم کرنے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ معاملہ سی سی آئی میں جانا چاہیے تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے