
باغ ابن قاسم میں دنیا بھر سے آئے ہوئے آرٹسٹوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب
کراچی( وقائع نگار خصوصی) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا بین الاقوامی شہر ہے اور بین الاقوامی پروگرام منعقد کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، کراچی میں دنیا بھر کے معروف آرٹسٹوں کی موجودگی اس بات کی گواہی ہے کہ کراچی میں امن و امان مثالی ہے اور کوئی بھی بین الاقوامی پروگرام کیا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب باغ ابن قاسم میں دنیا بھر آئے ہوئے آرٹسٹوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے بین الاقوامی آرٹسٹوں نے بھی خطاب کیا اور میئر کراچی کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ میئرکراچی نے کہا کہ ہم نے ان کو جگہ دی ہے انہوں نے اپنے فن سے اس کو خوبصورت بنا دیا ہے ،کراچی کے عوام اس نمائش کو ضرور دیکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر جماعت کا حق ہے ،وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی اس مسئلے کو دیکھ رہے ہیں ،ان آرٹسٹوں نے باغ ابن قاسم کے اندرونی حصے میں تاریخی پل کے نیچے اپنی پینٹنگ سے عوامی آرٹ گیلری قائم کی ہے، کراچی میں اپنی نوعیت کی منعقد ہونے والی پینٹنگ کی اس نمائش میں پاکستان کے ممتاز آرٹسٹوں، انڈونیشیا، اٹلی، ایتھوپیا، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، کولمبیا سمیت دنیا بھر کے ممالک کے معروف آرٹسٹ شرکت کررہے ہیں، باغ ابن قاسم کی عوامی گیلری میں دنیا بھر کے معروف آرٹسٹوں کی پینٹنگز کی اس نمائش کا افتتاح 26اکتوبر کو ہو گا جو 12 نومبر تک جاری رہے گی۔