صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد امریکی اسپیشل فورسز نے شام کے علاقے ادلب میں آپریشن کیا تھا
داعش کے سربراہ کی دو بیگمات نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، البغدادی کے سر کی قیمت 25 ملین ڈالر مقرر تھی
واشنگٹن/دمشق (اے ایف پی/مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے خفیہ آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو شام کے علاقے ادلب میں ہلاک کر دیا۔ جس میں اس کی 2 بیویاں اور 3 بچے بھی مارے گئے۔ امریکی اسپیشل فورسز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد ادلب میں آپریشن کیا۔ رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ کے خلاف شام میں بڑا آپریشن کیا ہے جس میں ان کا ہدف داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ہی تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی سیکورٹی ذرائع نے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ داعش سربراہ اپنی فیملی کے ہمراہ ادلب سے ترکی کے بارڈر کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم انہیں اپنے خفیہ ٹھکانے پر باڈی گارڈ کے ہمراہ ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی فوج اور وزارت خارجہ کے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ شمال مغربی شام کے علاقے ادلب کے مضافات میں امریکی فوج کے آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ کی دو بیگمات نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو دنیا کا مطلوب ترین دہشت گرد قرار دیا گیا تھا اور اس کے سر کی قیمت 25 ملین ڈالر رکھی گئی تھی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ابوبکر البغدادی کو امریکی فوج کے ایک آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔

