موٹر سائیکل سوار ڈاکو فرار، نیو ٹائون پولیس نے نامعلوم ڈاکوئوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
جو حکومت کتوں کا خاتمہ نہ کرسکی وہ اسٹریٹ کرئم کیسے ختم کرے گی، تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو
کراچی (کرائم رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خرم شیر زمان کے اہلخانہ کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے نیو ٹائون تھانے کے قریب لوٹ لیا اور فرار ہوگئے، نیوٹائون پولیس نے نامعلوم ڈاکوئوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے نیوٹائون تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو میں واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پہلے میری اہلیہ اور بچوں کو لوٹا گیا تھا اور اب بھابھی اور بھتیجوں کو بھی لوٹ لیا گیا شہر میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہر کوئی اسٹریٹ کرائم کا شکار ہوا ہے۔ بلاول بھٹو کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے کیوں نہیں پوچھتے ہیں، جو حکومت کتوں کا خاتمہ نہ کرسکی وہ اسٹریٹ کرائم کیسے ختم کرسکتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سے جو صوبے کے وزیر داخلہ بھی ہیں وہ فوری طور پر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے رینجرز کو خصوصی اختیارات دیں۔

