مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ۔ف) کا آزادی مارچ اپنے سفر کے تیسرے روز ملتان سے بذریعہ ساہیوال لاہور کیلئے روانہ ہوگیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روانگی سے قبل شرکا ءسے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اس حکومت کے پاس مینڈيٹ نہیں ہے ، مینڈيٹ وہ ہے جو یہاں نظر آر ہا ہے ، یہ ایک مقدس جہاد ہے ، اسلام آباد اس لیے جارہے ہیں تاکہ سب کو بتادیں یہ جعلی حکمران ہیں ، تاجر ہڑتال کررہے ہیں انہیں بھی کہتا ہوں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں ، ان کے آئينی حق کو چھیڑا گیا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے ۔ اس موقع پر سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نظر آئے۔
خیال رہے کہ جمعیت علمائےاسلام کےسربراہ مولانافضل الرحمان کی قیادت میں اتوارکوکراچی سےشروع ہونے والا آزادی مارچ سندھ کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا رات گئےسکھر پہنچا تھا۔ پیر کی صبح آزادی مارچ کا قافلہ پنوعاقل اور گھوٹکی سے ہوتا ہوا رحیم یار خان کے راستے پنجاب میں داخل ہوا۔ قافلہ بہاولپوراور لودھراں کے راستے علی الصبح 4 بجے ملتان پہنچا۔
بلوچستان سےآنے والے قافلے بھی آزادی مارچ کے مرکزی قافلے میں شامل ہوگئے۔ قافلے کے شرکاء نے رات فاطمہ جناح کالونی میں قیام کیا ، صبح کے وقت کارکن ناشتے کی تیاری میں مصروف دکھائی دیے، ۔قافلے کے قریب عارضی دکانیں بھی سج گئی ہیں جہاں نان چنے اور دیگرکھانے پینے کے اشیاء موجودہیں ۔
ناشتےکےبعدقافلے کے شرکانےسامان سمیٹاا ور لاہور کی جانب روانہ ہوگئے۔

