نظریاتی تحریکیں اپنے مقصد اور مشن کو سامنے رکھ کر حکمت عملی ترتیب دیتی ہیں ‘ کنوینر ایم کیو ایم
کارکنان تحریک کے پیغام کوعوام تک پہنچانے کا ذریعہ ہیں،جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نارتھ ناظم آباد میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریاتی تحریکیں اپنے مقصد اور مشن کو سامنے رکھ کر حکمت عملی ترتیب دیتی ہیں، ایم کیو ایم پاکستان بھی ایک ایسی ہی تحریک کا منبع ہے اور اس کو کامیاب بنانے کے لئے کارکنان تحریک ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں، انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد تحریک کے مقصد اور مشن کیلئے رائے عامہ ہموار کرنا ہوتا ہے، ایم کیو ایم نے اپنی پوری زندگی میں جو نشیب وفراز دیکھے اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں افراد کے بجائے نظریے کو مضبوط کرنا ہوگا یہ اسی وقت ممکن ہے کہ کردار سازی ان خطوط پر کی جائے جس کا تقاضہ نظریہ اور مشن ہم سے کرتا ہے۔ کارکنان تحریک کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کا ذریعہ ہیں آج ہم اور آپ یہاں اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ اپنے ذہنوں کو تنظیم کے نظم و ضبط کے مطابق ڈھالیں اور تنظیم کے پیغام کو پھیلائیں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن اقبال مقدم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ منتخب نمائندے اور کارکنان یکجا ہوکر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوششیں کریں اپنے درمیان چھوٹے موٹے اختلافات کو بڑے مقصد کیلئے ختم کریں اور اپنی زندگیوں کو تنظیم کے نظم و ضبط کے سانچے میں ڈھالیں اور اپنے آپ کو آنے والے دور کے چیلنجز کیلئے تیار کریں۔ سی او سی کے انچارج نے کارکنان پر زور دیا کہ اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں۔

