ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی میں ہلکی بارش کا امکان

کراچی: سمندری طوفان کیار کی شدت کم ہونا شروع ہوگئی، طوفان کیٹگری 5 سے واپس کیٹگری 4 میں چلا گیا اور 270 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کیار گلف آف عدن کی جانب بڑھ رہا ہے، 3 نومبر کی شام کو عدن کے جزیرے سکوٹرا سے ٹکرائے گا، طوفان کے اثرات کی وجہ سے 13 اکتوبر اور یکم نومبر کے درمیان کراچی سمیت اندورن سندھ کے کچھ اضلا ع میں ہلکی اور درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ سپر سائیکلونک اسٹروم کی 7 ویں ایڈوائزری کے مطابق سمندری طوفان وسطی بحیرہ عرب میں کراچی سے 730 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 665 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے، اور اس کا عمان کی بندرگاہ صلالہ سے فاصلہ لگ بھگ 1012 کلومیٹر ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق آج بدھ کو طوفان کیار اپنا رخ شمال مغرب سے جنوب مغرب کی جانب تبدیل کرسکتا ہے، ایڈوائزری میں کی گئی وضاحت کے مطابق طوفان سے پاکستانی ساحلی علاقوں کو براہ راست کوئی خطرات نہیں تاہم اس کے اثرات کی وجہ سے تندوتیز ہوائیں جبکہ سمندر میں طغیانی کے علاوہ سندھ و بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بلند لہریں پیدا ہونے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق سمندری طوفان کیارکی شدت کم ہوناشروع ہوگئی،کیٹگری 5سے واپس کیٹگری 4میں چلاگیا،طوفان کے ہمراہ چلنے والے 270کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوں کا زوربھی ٹوٹ گیا،ان کا کہناہے کہ آج(بدھ)کو سمندری طوفان پرمغربی ہواوں کا سلسلہ اثرانداز ہوگا،جس کے نتیجے میں 31اکتوبراوریکم نومبر کے درمیان کراچی جبکہ اندرون سندھ کے اضلاع ٹھٹھ اور بدین کے علاوہ بلوچستان کے مکران کوسٹل پر ہلکی ودرمیانی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

سمندری طوفان کی وجہ سے شہر کی مختلف جیٹیوں پرشکار کے لیے جانے والی لانچوں پر 3دن کے لیے پابندی ہے، لہریں معمول سے زیادہ بلند ہوسکتی ہیں،محکمہ موسمیات کی جانب سے رات اورصبح کے وقت سمندری کی لہریں 10فٹ تک بلند ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہری ساحل کی جانب جانے سے گریز کریں جبکہ ساحل کے قریب رہائشی لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں،سمندری طوفان کی وجہ سے شہر کا پوش علاقہ ڈی ایچ اے بھی محفوظ نہ رہ سکا،منگل اور بدھ کی درمیانی شب سمندری لہریں بلند ہونے کی وجہ سے ڈی ایچ اے کے سمندرسے متصل کئی علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا۔

اس حوالے سے ڈیفنس فیز6میں خیابان سحرااوردیگر مقامات پربڑی مقدار میں داخل ہونے والے پانی کی وجہ سے سیوریج کی لائنیں بھر گئیں اور پانی سڑکوں پر ابل آیا،جس کی نکاسی کے لیے ڈی ایچ اے انتظامیہ نے پمپ کے ذریعے پانی کا اخراج ممکن بنایا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں