
غیر قانونی تعمیرات مسمار، قانونی کیبن، دکانیں اور فٹ پاتھ پر قبضے ختم کرادیئے
کارروائی چار گھنٹے بغیر وقفے کے جاری رہی،پولیس کی بھاری نفری بھی ہمراہ تھی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن پروجیکٹ کا انسداد تجاوزات آپریشن چار گھنٹے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ،محمد رضوان خان ، ایڈیشنل پی ڈی اورنگی جاوید مصطفی، ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات توقیر درباری ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عامر حسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر عقیل احمد، عبدالحفیظ، ارشاد احمد ڈی ایس پی اورنگی عرفان احمد خان ، ایس ایچ او اقبال تنولی ، منگھو پیر انچارج شہزاد اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کرتے ہوئے یو سی ڈی اور جرمن اسکول پر تعمیر کردہ دیواریں گرادی گئیں۔ عدالت میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باوجود تعمیرات کی جا رہی تھیں۔یو سی ڈی پر مزاحمت اور علی گڑھ پر پتھراؤ کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی۔جبکہ گلشن ضیاء بلاک ای پر ایکسٹرا لینڈ کی تعمیرات گرادی گئیں بلاک جے اور ایف میں غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس اور تعمیرات مسمار،علی گڑھ میں غیر قانونی کیبن، دکانیں اور فٹ پاتھ پر قبضے ختم کرادیئے گئے۔ مومن آباد میں غیر قانونی تعمیر کیا گیا مکان بھی مسمار کردیا گیا۔ نالے کے ساتھ نائن ای پر بھی کارروائی کی گئی جبکہ نالے پر موجود تعمیرات بھی گرائی گئیں۔پی ڈی اورنگی نے کہا ہے کہ کسی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔ جبکہ سکس ایل پر نوٹس دے دیا گیا جو آئندہ چند روز میں مسمار کردیا جائے گا۔ ایسی لیز جو نالوں اور دیگر مقامات پر ہے ان پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔