مسائل کے حل کیلئے ایف بی آر اور تاجر نمائندوں پر مبنی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے‘ محمود حامد
ملک میں جاری کاروباری مندی اب ختم ہوجائیگی‘ صدر آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز
کراچی( کامرس رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے حکومت اور تاجروں کے درمیان ہونے والے معاہدے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے اور معاہدے کو ملک بھر کے تاجروں کی فتح قرار دیا ہے اور اس معاہدے پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری اور دیگر رہنماوں کو مبارکباد دی ہے انہوں نے جمعرات 31 اکتوبر کو کراچی میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے وہ اسمال ٹریڈرز کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تاجر چار ماہ سے انتہائی کرب اور اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے معاشی صورت حال دن بدن بد سے بد تر ہوتی جا رہی تھی ایسی صورتحال میں شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کرانا اور اور مسائل کے حل کے لیے ایف بی آر اور نمائندوں پر مبنی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے جس کا خیرمقدم کرتے ہیں اجلاس سے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی نوید احمد عثمان شریف سلیم ملک جاوید حاجی عبداللہ کامران صدیقی اقبال یوسف اور دیگر نے خطاب کیا سید لیاقت علی نے کہا ہے کہ ہم اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں کہ جس کے فضل سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے اب مسائل کے حل کے راستے کھل گئے ہیں انشاء اللہ ایک پائیدار معاہدہ بھی طے پایا جائے گا اور ملک میں جاری کاروباری مندی ختم ہو جائے گی۔

