غیر معیاری ترقیاتی منصوبوں اور ایک بارش میں خراب ہونے والی سڑکوں پر سخت کارروائی ہوگی
عوام کے پیسوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ناصر حسین شاہ کا ڈسٹرکٹ سائوتھ کا دورہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ غیر معیاری ترقیاتی منصوبوں اور ایک بارش میں خراب ہونے والی سڑکوں کے متعلقہ انجینئر اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام کے پیسوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جاری منصوبوں کو معیار کے ساتھ وقت مقررہ پر مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ سائوتھ کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر بلدیات نے دورے کے موقع پر مختلف پارکس، زیر تعمیر سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر تعمیر سڑکوں اور منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں جلد ازجلد مکمل کیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل کے دوران عوام کی تکالیف و پریشانیوں کو مدنظر رکھ کر کام کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہاکہ ڈسٹرکٹ سائوتھ اور خاص طور پر کلفٹن کے علاقے میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کے باعث بُرا حال تھا ترقیاتی کاموں کے باعث اس علاقے میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیوٹی فکیشن کا کام جلد ہی کراچی کے دوسرے مقامات پر بھی شروع کیا جائے گا۔ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے نتیجے میں کافی بہتری آئی ہے تاہم ان علاقوں میں مزید کام کی ضرورت ہے۔

