فیروز آباد پولیس کی 6 سے زائد گاڑیاں اور درجنوں اہلکار دفتر میں دیکھ کر افسران و ملازمین میں شدید بے چینی پھیل گئی
یونینز، ایڈ ہاک ملازمین نے ڈی ایم ڈی شعیب تغلق کو ایم کیو ایم لندن کا سرپرست اور غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیوں کا ذمہ دار قرار دیدیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹر بورڈ نے ایڈہاک ملازمین، یونینز اور ڈی ایم ڈی کا تنازع ختم کرانے کے بجائے پولیس بلالی، جس سے آفیسرز ایسوسی ایشن سمیت افسران و ملازمین میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے، یونینز ایڈہاک ملازمین نے ڈی ایم ڈی شعیب تغلق کو ایم کیو ایم لندن کا سرپرست قرار دیتے ہوئے غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت متنازع افسر کو دو عہدوں سے نوازنے پر انکوائری کرے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان انتظامی امور میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں دو عہدے رکھنے والے شعیب تغلق اور ایڈہاک ملازمین و یونینز کے مابین تنازع حل ہونے کے بجائے شدت اختیار کر گیا ہے، آفیسرز ایسوسی ایشن کے رہنما ندیم کرمانی نے شعیب تغلق سے مبینہ زیادتی کے خلاف احتجاج جبکہ مزدور تنظیموں نے شعیب تغلق کے خلاف پریس کانفرنس کا اعلان کر رکھا ہے جس کی ایم ڈی نے اجازت بھی دی تھی، تاہم ایم ڈی نے ایڈہاک ملازمین کے ساتھ تنازع حل کرنے کے بجائے فیروزآباد پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی جس سے واٹر بورڈ افسران و ملازمین میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے۔ دوسری جانب یونائیٹڈ ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری اکرام خان، وطن لیبر یونین کے صدر ایوب بلوچ، ڈیمو کریٹ لیبر فرنٹ کے صدر اشفاق اعوان، لیبر فرنٹ کے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم خان زئی، جنرل ایمپلائز یونین کے صدر خالد خان اور ایکشن کمیٹی کے سلمان بھٹی سمیت دیگر ایڈہاک ملازمین نے پریس کانفرنس میں موقف اختیار کیا کہ ڈی ایم ڈی شعیب تغلق ایم کیو ایم لندن کا سرپرست ہے اور ان کی تقرری اور ترقی جعلی ہے۔ شعیب تغلق متحدہ یونین میں رہ چکا ہے اور اب وہ ایم ڈی کو گمراہ کن معلومات دے کر افسران و ملازمین کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے اس سے قبل بھی ادارے میں متعدد احتجاج ہوئے مگر اس بار شعیب تغلق نے ملازمین کو مغلظات بکیں اور خواتین کو بھی گالیاں دی ہیں۔ ہماری اعلیٰ پولیس و رینجرز حکام سے درخواست ہے کہ وہ متحدہ کے سرپرست افسر کے خلاف کارروائی کریں اور ایم ڈی واٹر بورڈ سے درخواست ہے کہ وہ عدالتی حکم کے مطابق ایڈہاک ملازمین کو بحال کر کے مستقل کریں، بصورت دیگر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ شعیب تغلق نے 3 ہفتے قبل ادارے میں نئے لوگوں کا تقرر کیا ہے جبکہ ایڈہاک ملازمین کے بارے میں دہرا معیار اختیار کر رکھا ہے۔

