جلسہ منسوخی ن لیگ کا پروپیگنڈا ہے، یہبے شک نہ آئے ، جلسہ آج ہی ہو گا‘ اے این پی
سانحہ تیز گام کے باعث آج ہونیوالا جلسہ کل تک کیلئے ملتوی کردیا ‘ احسن اقبال‘ مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، غلط فہمی پھیلائی گئی دو ر ہونی چاہیے‘عبدالغفوری حیدری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں آزادی مارچ کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔ترجمان اے این پی زاہد خان کا کہناہے کہ جلسہ منسوخی ن لیگ کا پروپیگنڈا ہے، ن لیگ بے شک نہ آئے ، جلسہ آج ہی ہو گا۔دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما عبدالغفوری حیدری نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، یہ جو غلط فہمی پھیلائی گئی دو ر ہونی چاہیے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالغفورحیدری نے کہا کہ آزادی مارچ کے قافلے رات یہاں پہنچ جائیں گے، کل مولانا فضل الرحمان جمعہ کی نماز پڑھائیں گے پھر جلسے کا آغاز ہوگا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ مریم اورنگزیب مجھ سے خود بات کریں گی تو پتہ چلے گا وہ کیا کہنا چاہ رہی ہیں، جو غلط فہمی پھیلائی گئی وہ دور ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کسی نے کہا کہ آج جلسہ نہیں ہورہا تو اس کی بات کی لاج رکھیں گے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ سانحہ تیز گام کے باعث اپوزیشن نے مشترکہ طور پر آزادی مارچ کا اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج سانحہ تیز گام کا بڑا حادثہ رونما ہوا ہے اور متاثرین سے اظہار یک جہتی کیلیے جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔

