English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نواز شریف کی صحت میں بہتری ، بلڈ پریشر نارمل ، چہل قدمی

پلیٹ لیٹس 55ہزار ،2گھنٹے طبی معائنہ،دل کی مزید ادویات شروع کروادی گئیں
آئی ٹی پی کی وجہ دریافت کرنے کیلئے بائیو آپسی ، پیٹ اسکین کروانے کی تجویز زیر غور
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صحت میں بہتری آئی ہے اوران کے پلیٹ لیٹس کی تعداد55ہزار ہوگئی جبکہ انکا بلڈ پریشر نارمل تاہم شوگر معمول سے زیادہ ہے ، ان کو دل کی مزید ادویات شروع کروادی گئیں، نوازشریف کو میڈیکل بورڈ نے پہلی مرتبہ بغیر سہارے کے چہل قدمی کرنے کی اجازت بھی دے دی۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف سروسز ہسپتال میں 11 روز سے زیر علاج ہیں۔ میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا 2گھنٹے تک طبی معائنہ کیا اور خون میں کلاٹ ختم کرنیوالی دل کی دوا کلوپیڈوگرل بھی شروع کروادی جبکہ خون پتلا کرنیوالی دوائی لوپرین اور کولیسٹرول کم کرنیوالی دوائی لیپی ٹورپہلے ہی شروع کروا دی گئی تھی۔ نوازشریف کا بلڈ پریشر نارمل رہا جبکہ فاسٹنگ شوگر150تک آئی کیونکہ نوازشریف کو سٹیرائیڈز بھی دیئے جا رہے ہیں۔ میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو پہلی بار سہارے کے بغیر چہل قدمی کی اجازت دی گئی جس کا مقصد ان کی صحت میں بہتری معلوم کرنا تھا۔ آئی ٹی پی بیماری کی وجہ دریافت کرنے کیلئے بائیو آپسی اور پیٹ سکین کروانے کی تجویز زیر غور ہے جو پلیٹ لیٹس کی کمی کے باعث تاخیر کا شکار تھی بورڈ اس حوالے سے تاحال فیصلہ نہیں کرسکا۔ میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو اس وقت دل اور گردوں کا سنگین مسئلہ ہے جس پر بورڈ زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ دوسری طرف نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے ٹویٹ میں کہا تمام ترکوششوں کے باوجود نوازشریف کی بیماری سنگین ہوتی جارہی ہے ان کو جان بچانے والی ادویات دی جارہی ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عدنان نے کہا نوازشریف کی صحت پہلے سے کافی بہتر ہے ،پلیٹ لیٹس کا مسئلہ بہتری کی طرف گامزن ہے جو اچھی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا سابق وزیراعظم کو دل اور گردوں کا مسئلہ ہے جس کا علاج جاری ہے۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا تھا نواز شریف کو ابھی ڈسچارج نہیں کیا جا سکتا، بورڈ روزانہ کی بنیاد پر ان کا طبی معائنہ کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے