اگر خوف زدہ ہوتے تو مولانا کو یہ سہولتیں نہ دیتے، ہم نے کرپشن بچاؤ مہم کو ناکام بنانا ہے
اپوزیشن والے جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہوری حکومت گرانے نکلے ہیں، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کیلئے فائیو اسٹار سہولتیں فراہم کی ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے لیے سہولت کاری کی اور فائیو اسٹار سہولتیں فراہم کی ہیں، اگر ہم خوف زدہ ہوتے تو مولانا صاحب کو یہ سہولتیں کیسے دیتے، ہم نے کرپشن بچاؤ مہم کو ناکام بنانا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ ایسا پرسکون ماحول دیا جہاں وہ جوش جذبے سے اسلام کے لئے نہیں بلکہ صرف اپنی ذات کیلئے گفتگو کریں، تاکہ عوام سنیں ان کا ایجنڈہ کیا ہے، خواہشات اور ارمان کیا ہیں، ان سب کے لئے ایک ماحول بنانا ضروری تھا جس کے لیے حکومت نے سہولیات دے دیں، دیکھنا اب یہ ہے جمہوری حکومت کو گرانے کیلئے کیا ایجنڈا سامنے لے کر آتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ایجنڈے میں ناکام ہو جائے، فضل الرحمان کا مارچ کرپشن کے تحفظ کیلئے ہے، کرپشن زدہ سارے چہرے آپ کو ایک کنٹینر پر نظر آئیں گے، یہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہوری حکومت گرانے نکلے ہیں، دنیا بھر میں حکومتی کرپشن کے خلاف مظاہرے ہوتے ہیں، یہاں پر کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے مارچ ہو رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ہماری پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اکثریت نہیں، اس لیے قوانین کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے صدرمملکت نے کئی قوانین سے متعلق آرڈیننس جاری کیے ہیں۔

