وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد سی ڈی اے کا عملہ متحرک ہوگیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں جاری جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ دھرنے کے شرکاء کو بارش کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے بعد چیئرمین سی ڈی اے کو ان کی مدد کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد سی ڈی اے فوراً حرکت میں آگیا اور اس نے دھرنے کے شرکاء کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ سی ڈی اے کا عملہ دھرنے میں پہنچ گیا ہے جہاں اس نے دھرنے کے شرکاء کو طبی سہولتیں بھی فراہم کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے دھرنے کے مقام پر صفائی کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بارش اور بدلتے موسم میں آزادی مارچ کے شرکاء کی مدد کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کو احکامات جاری کیے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے سی ڈی اے چیئرمین کو فوری طور پر دھرنا سائٹ کا دورہ کرنے کے احکامات جاری کیے اور آزادی مارچ کے شرکاء کو امداد بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین سی ڈی اے معلوم کریں کہ دھرنے کے شرکاء کی بارش، بدلتے موسم میں کیا مدد کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے شرکاء کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کے سبب مارچ کے شرکاء کے کئی عارضی خیمے اُکھڑ گئے جبکہ متعدد شرکاء نے رات میٹرو اسٹیشن میں گزاری۔

