ٹریف پولیس نے وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے سے گزرنے والی سڑک ضیاء الدین روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرکے متبادل راستوں کا اعلان کردیا
کلب روڈ پر سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام 75 فیصد تک مکمل کرلیا گیا، امید ہے آج رات کام مکمل کرلیا جائے گا، افسر واٹر بورڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلب روڈ کے بعد ضیاالدین احمد روڈ پر سیوریج لائن دھنسنے کی وجہ سے سڑک بیٹھ گئی، ٹریفک پولیس نے ضیاالدین روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کرکے متبادل راستوں کا اعلان کردیا، کلب روڈ پر سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام 75 فیصد تک مکمل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کلب روڈ سیوریج لائن دھنسنے کے بعد وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے سے گزرنے والی سڑک ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ بھی سیوریج لائن دھنسنے کی وجہ سے بیٹھ گئی جس کے بعد ٹریفک پولیس نے ضیاالدین احمد روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ ضیاالدین احمد روڈ ٹریفک کے لیے بند ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کر دیا، ٹریفک پولیس حکام کے مطابق للّی برج سے پی آئی ڈی سی چوک جانے والی ٹریفک کو کینٹ اسٹیشن کی جانب اور پی آئی ڈی سی چوک سے شاہین کمپلیکس جانے والی ٹریفک کو سلطان آباد اور ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی جانے والی ٹریفک کو مائی کلاچی روڈ کی جانب بھیجا جارہا ہے دوسری جانب کلب روڈ پر دھنسنے والی سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا، کلب روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ شارع فیصل، میٹروپول، ایوان صدر روڈ، فوارہ چوک، فاطمہ جناح روڈ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

