English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی بڑھنے لگی

کوئٹہ اور قلات میں درجہ حرارت منفی ہونے کے اثرات شہر قائد میں ٹھنڈک کی صورت میں نمودار
شہر میں خنک ہوائیں بھی چلنے لگی ہیں،موجودہ سردی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں سرد ہوائوں کا راج شروع، سردی بڑھنے لگی، آج ہفتہ کو درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں مغربی ہوائوں کے ملک میں داخل ہونے والے بارشوں کے سلسلے کے نتیجے میں ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر جبکہ کوئٹہ میں منفی 2 اور قلات ڈویژن میں منفی 5 درجہ حرارت کے اثرات کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع پر سردی کی لہر کی شکل میں نمودار ہو گئے۔ جمعہ کو شہر میں صبح کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی وجہ سے گزشتہ چند روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی واقع ہوگئی اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23 اور 24 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوا۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں نومبر کا اوسط درجہ حرارت 16.8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جس میں جمعہ کو 2 ڈگری کمی واقع ہے اور شہر کا نومبر میں اوسط درجہ حرارت کا ریکارڈ ٹوٹ گیا چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کوئٹہ اور قلات ڈویژن میں درجہ حرارت میں کمی کے اثرات شہر پر نمودار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ سردار سرفراز کے مطابق بارشوں کے سلسلے کے عقب میں چلنے والی سرد ہوائیں اس وقت کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع پر اثرانداز ہو رہی ہیں موجودہ سردی کی لہر اگلے چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے دوران رات سے صبح کے درمیان شہر میں سردی اور خشک ہوائیں چلنے کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے