شہر بھر میں درود و سلام کی محافل سجائی جائیں گی، کل جلوس نکالے جائیں گے
مرکزی جلوس میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے شروع ہو کر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا
کراچی( اسٹاف رپورٹر )نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کا جشن ولادت کل 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا کل شہر بھر میں میلاد کے جلوس نکالے جائینگے‘ مرکزی جلوس میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے شروع ہوکر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا‘ رات کو جلسہ ہوگا۔اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی ، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی جس میں نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرت اور اسلام کی سر بلند ی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو موضوع بنایا جائے گا۔جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی ،محلوں او ر بازاروں کو خوبصورت روشنیوں ،برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے۔جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

