نئی دہلی( آن لائن )بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے کابینہ کی تجویر پر مہاراشٹرا کو مرکز کی حکمرانی میں دینے کے بل پر دستخط کردیے ہیں ۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہنگامی سطح پر طلب کیے گئے کابینہ اجلاس کی تجویز مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کی رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس میں کہا گیا تھا کہ مہاراشٹرا کی ریاست آئین کے مطابق قائم نہیں ہوسکی ہے۔عدالت عظمیٰ میں گورنر کے خلاف درخواست دائر کرنے والی بھارتی جماعت شیو سینا کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی احکامات کے خلاف بھی عدالت جائیں گے۔اپنی درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ گورنر نے انہیں مہاراشٹرا میں حکومت قائم کرنے کے لیے صرف 24 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مہاراشٹرا میں ہونے والے انتخابات نے شیو سینا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم کیا تھا تاہم بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کا عہدہ طلب کیے جانے پر شیو سینا نے اس اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔گورنر بھگت سنگھ نے گزشتہ ہفتے 288 نشستوں کی اسمبلی میں سے 105 نشستوں پر جیتنے والی بی جے پی ،شیو سینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے حکومت بنانے کی مہلت دی تاہم وہ حکومت بنانے میں ناکام رہیں ۔سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے برازیل کے دورے پر جانے سے قبل آخری لمحات میں کابینہ اجلاس طلب کیا جس کی وجہ سے ان کی پرواز کو 15 منٹ کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مہاراشٹر
