
ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلا دیش میں مخالف سمتوں سے آنے والی 2 ریل گاڑیوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 16 مسافر جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا سے 100 کلو میٹر مشرق میں برہمن باڑیا کے علاقے میں 2 ریل گاڑیاں ٹریک کی تبدیلی کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ایک دوسرے میں گھس گئیں۔ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور مسافر اندر پھنس گئے۔ رات گئے ہونے والے تصادم کے وقت مسافر سو رہے تھے۔ ترجمان امدادی ادارے کا کہنا ہے کے خوفناک حادثے میں کم سے کم 16 مسافر ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہیں، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 13 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تصادم ایک ٹرین کے ٹریک کی تبدیلی کے بعد سگنل پر نہ رکنے کے باعث ہوا۔ ہیوی مشینری کے ذریعے بوگیوں کو کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا گیا اور ریلوے ٹریک کو کلیئر کرایا گیا۔ حادثے کے بعد ڈھاکا اور دیگر مشرقی اضلاع کے درمیان ریلوے سروس معطل کردی گئی۔ امدادی کاموں میں فوج، فائر بریگیڈ، بارڈر فورس اور میونسپل اداروں نے حصہ لیا۔ حادثے کے ذمے داروں کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ بنگلادیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے ٹرین حادثے پر میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو متاثرین کی فوری مدد کی ہدایت کی ہے۔ متاثرہ ٹرین میں سوار 50 سالہ محمد مسلم نے بتایا کہ حادثے کے وقت مسافر سوئے ہوئے تھے۔
