English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دنیا سے تعلق توڑنا ہمارے مفاد میں نہیں،ایرانی صدر

القمر

تہران؍ برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عالمی برادری سے تعلقات توڑ لینے کا مطلب تنہائی ہے، لہٰذا دو طرفہ مفادات کی روشنی میں ہمیں ہر مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ ایرانی صدر نے ان خیالات کا اظہار صوبہ کرمان سے متصل بافت شہر میں فولادی کارخانے کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے جوہری معاہدے سے اخراج اور مغرب سے تعلقات میں کمی کا دفاع کرنے والے بعض اعتدال پسند طبقوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض طبقوں کی خام خیالی ہے کہ مغرب سے مذاکرات کرنے سے ایران اپنی طاقت کھو دے گا، لیکن کیا دنیا سے کنارہ کش ایک ملک ترقی کر سکتا ہے ؟ اگر ہم نے ایسا کیا تو دنیا میں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔ دوسری جانب یورپی یونین کے 3 ممالک نے ایران پر زوردیا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ اب بھی یورپی اور علاقائی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔ فرانس، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کا فردوکی جوہری پلانٹ میں یورینیم افزدوگی دوبارہ شروع کرنا گہری تشویش کا باعث ہے۔ تینوں ممالک نے ایران سے معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے یورینیم افزدوگی بند کرنے پرزور دیا ہے۔ انہوں نے ایران سے جوہری معاہدے کی نفی میں تمام اقدامات سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ فردوکی جوہری پلانٹ میں یورینیم کی افزودگی کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ اس سے قبل پیر کے روز عالمی جوہری توانائی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ایران نے جوہری معاہدے کی کئی شرائط سے تجاوز کیا ہے۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق ایران یورینیم کی افزودگی کی سطح، افزودہ یورینیم کے ذخیرے اور جدید سینٹری فیوجز سے افزودگی کرکے معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے