English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قوم کو خطرے میں دیکھ رہا ہوں‘ امریکی صحافی کا انتباہ

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) معروف امریکی صحافی بل موئرز نے کہا ہے کہ وہ امریکی قوم کے مستقبل کو خطرے میں دیکھ رہے ہیں۔ سابق امریکی صدر لنڈن جانسن کے دور میں 2 بار وائٹ ہاؤس سیکرٹری کے فرائض انجام دینے والے بل موئرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکا میں شدید معاشی انحطاط اور دوسری جنگ عظیم کا زمانہ بھی دیکھا، لیکن قوم کے مستقبل کے حوالے سے اتنی تاریکی اور خدشات کبھی پیش نہیں آئے۔ صدر ٹرمپ کے مؤاخذے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اتنے تواتر سے جھوٹ بولا جارہا ہے کہ سچ کی کوئی اہمیت ہی نہیں رہی۔ بل موئرز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امریکی ایوان نمایندگان میں بدھ اور جمعہ کے روز ہونے والی مؤاخذے کی سماعت کو اہتمام سے سنیں۔ آیندہ برس ہونے والے صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کے جیتنے کے امکانات موجود ہیں، تاہم امریکی شہری سماعت غور سے سنیں گے تو وہ بہتر فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے لیے امریکا کی سابق سفیر نکی ہیلی کی کتاب ’ود آل ڈیو ریسپیکٹ ‘ منظر عام پر آنے کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ نکی ہیلی نے لکھا کہ امریکی صدر کا یوکرائن سے جوبائیڈن سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ بالکل درست تھا،کیوں کہ واشنگٹن یوکرائن کو 40 کروڑ ڈالر کی امداد دے رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نکی ہیلی ماضی میں صدر ٹرمپ سے کھل کر اختلاف کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں، لیکن کتاب لکھنے کے بعد انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی کی صورت میں وہ نائب صدارت کی مضبوط امیدوار ہوں گی۔ انہوںنے اپنی کتاب میں ٹرمپ کے مؤاخذے کی کوششوں پر شدید تنقید کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے