واقعہ شیر شاہ کی گلیوں میں پیش آیا، جہاں ہر گلی اور محلے میں کتوں کی بہتات ہے، بچے، خواتین، بزرگ سمیت ہر عمر کے افراد عدم تحفظ کا شکار
اکبر روڈ، اردو بازار ، محمدی روڈ، جناح روڈ، عالمگیر روڈ اور نور بابا روڈ سے گزرنا بھی دشوار ہوگیا ہے، انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیرشاہ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 3 شہری زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شیرشاہ کی گلی کے آوارہ کتوں نے شہریوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر گلی اور محلے میں کتوں کی بہتات ہے۔ بچے اسکول، بزرگ مسجد اور خواتین بازار جاتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ آوارہ کتوں کی وجہ سے اکبر روڈ، اردو بازار، محمدی روڈ، جناح روڈ، عالمگیر روڈ اور تور بابا روڈ سے گزرنا دشوار ہوگیا ہے۔ انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کے انجکشن موجود نہیں جس کے باعث غریب شہری اپنی مدد آپ کے تحت انجکشن خریدنے پر مجبور ہیں۔

