ملک میں کہیں بھی 17 روپے فی کلو ٹماٹر ہے تو وہ لیاری کے عوام کو لادیں، ترجمان سندھ حکومت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی ٹماٹر کی قیمت سے متعلق لاعلمی سے عوام حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اندازہ لگا سکتے ہیں، جس حکومت کی معاشی ٹیم کے سربراہ کا یہ حال ہو اس ملک کی معیشت کی خدا خیر کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیاری میں قطر فٹ بال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کہیں بھی 17 روپے فی کلو ٹماٹر ہے تو وہ لیاری کے عوام کو لادیں، ملک کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ملک کو قرضوں میں ماضی کی حکومتوں نے نہیں بلکہ پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ قرضے لے کر جکڑا ہے اور موجودہ حکومت ہی ملک میں بدترین مہنگائی کی زمہ دار ہے۔

